سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ نسک ایپلیکیشن کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق پچھلے 9 ماہ کے دوران 10 ملین سے زیادہ لوگوں نے ریاضہ الجنہ میں داخلے اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کا شرف حاصل کیا ہے۔
انھوں نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا ہے کہ یہ ہمارے لیے خوشی اور شرف کی بات ہے کہ ہم اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں ان کی سہولت کے لیے کام کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم امر یہ ہے کہ ہم ہر قیمت پر لوگوں کو حج وعمرہ کی عبادات اور ریاض الجنہ میں حاضری کے لیے محفوظ اور بہترین ماحول فراہم کر سکیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم خادم الحرمین الشریفین ملک سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے مطابق، حجاج کرام اور معتمرین کی خدمت پر مامور ہیں۔
یہ ہمارے لیے خوشی اور اطمینان کی بات ہے کہ پچھلے 9 ماہ کے دوران ضیوف الرحمان کی اتنی بڑی تعداد نے نہایت امن کی حالت میں حرمین شریفین اور روضہ اقدس کی حاضری کا شرف حاصل کیا ہے۔