مسجد نبوی کے امام اور خطیب فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر احمد بن علی عبد الرحمن الحذٰیفی اِن دنوں انڈونیشیا کا دورہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے اس دوران مختلف اجتماعات اور دعوتی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے اور لوگوں تک اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام پہنچایا ہے۔
انھوں نے گزشتہ جمعہ کو انڈونیشیا کی تاریخی جامع مسجد الاستقلال میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جس میں ڈیڑھ لاکھ نمازیوں نے شرکت کی۔ یہ انڈونیشیا کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی مذہبی اجتماع تھا۔
ائمہ حرمین شریفین کو اللہ تعالی نے دنیا بھر میں جس عزت سے نوازا ہے اس پر صرف رشک ہی کیا جا سکتا ہے۔ جہاں بھی جاتے ہیں لوگ ان کی زیارت اور تلاوت کے لیے اُمڈے چلے آتے ہیں۔
جکارتہ کی جامع مسجد الاستقلال کے خطیب الشیخ عبد اللہ کا کہنا ہے کہ میں یہاں 50 سال سے جمعہ پڑھا رہا ہوں لیکن میں نے کبھی اتنے لوگ نہیں دیکھے جتنے امام صاحب کی آمد پر یہاں جمعہ پڑھنے آئے۔ یہ انڈونیشیا کے لوگوں کی ائمہ حرمین شریفین سے محبت کی ایک دلیل ہے۔
امام مسجد نبوی فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر احمد الحذٰیفی، مسجد نبوی کے سینئیر امام و خطیب فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر علی عبد الرحمن الحذیفی کے صاحبزادے ہیں۔ اللہ تعالی دین اسلام کے لیے ان کی جہود کو قبول فرمائے اور ان کی عمر میں برکت عطا فرمائے۔ آمین