مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صدر ٹرمپ کے موجودہ دور کے مذاکرات اور جنگ کو ختم کرنے کی ان کی حقیقی خواہش کے حوالے سے ان کی پوزیشن کا دل سے احترام کرتا ہوں اور میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، وہ بہت محنت سے کام کر رہے ہیں۔
مصری صدر نے کہا کہ مجھے جو معلومات ملی ہیں وہ بہت حوصلہ افزا ہیں۔ میں مصری عوام، خطے اور یہاں تک کہ پوری دنیا کو یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ہم سب مذاکرات کے اس دور میں جنگ کو ختم کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کے عزم، ان کے واضح پیغام اور مضبوط مینڈیٹ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میں اس معاہدے کے تمام شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، اور مجھے امید ہے کہ ہم جنگ کو ختم کرنے کے اس اچھے اور مناسب موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔
قاہرہ سے، میں ایک بار پھر صدر ٹرمپ کو اپنا یہ پیغام دیتا ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہم اپنی حمایت جاری رکھیں گے اور جنگ کو ختم کرنے کی اس مخلصانہ خواہش کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔ میں اس سلسلے میں آپ کی تمام کوششوں کو سراہتا ہوں۔
مصری صدر نے کہا کہ یہ بہت اچھا ہو گا کہ اگر کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو محترم صدر ٹرمپ، مملکت عرب جمہوریہ مصر میں اس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں اپنی موجودگی سے ہمیں عزت بخشیں۔
