قاہرہ میں عرب لیگ کے صدر دفتر میں منعقدہ ’’عرب سرکاری امتیاز ایوارڈ 2025‘‘ کی شاندار تقریب میں سعودی عرب نے حکومتی ترقی، اختراع اور سرکاری خدمات میں غیر معمولی کارکردگی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے چھ بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے۔
مملکت کو جن زمروں میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ان میں بہترین عرب سرکاری ادارہ، تعلیم کے فروغ کے لیے بہترین اقدام، صحت کے شعبے کی ترقی کا بہترین عرب اقدام، بہترین اسمارٹ حکومتی ایپلی کیشن، اور بہترین جنرل ڈائریکٹر کے دو خصوصی ایوارڈ شامل ہیں۔ یہ تمام اعزازات اس بات کی توثیق کرتے ہیں کہ سعودی حکومت نہ صرف خطے میں جدید طرز حکمرانی کا معیار قائم کر رہی ہے بلکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، عوامی خدمات کے معیار اور پالیسی سطح پر مسلسل جدت کو اپنی ترقی کی بنیاد بنا چکی ہے۔
ایوارڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین محمد القرگاوی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ’’عرب سرکاری امتیاز ایوارڈ‘‘ کا بنیادی مقصد عرب ممالک میں اعلیٰ معیار کی سرکاری خدمات کو فروغ دینا، نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات اور اداروں کو عزت و تکریم دینا، اور ایسی کامیاب حکومتی پالیسیوں کو نمایاں کرنا ہے جو عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دہائی کی قیادت وہی حکومتیں کریں گی جو لچکدار ہوں، بدلتی صورتحال کا فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں، عوامی ضروریات کو مرکزیت دیں اور نجی شعبے جیسی جدید سوچ کے ساتھ چیلنجوں کو ترقی کے نئے موقع میں بدلنا جانتی ہوں۔
سعودی عرب کے چھ ایوارڈز جیتنے کی یہ کامیابی نہ صرف وژن 2030 کے تحت حکومتی اصلاحات کی رفتار کی عکاسی کرتی ہے بلکہ عالمی سطح پر اسے ایک ایسی جدید، موثر اور عوام دوست ریاست کے طور پر بھی پیش کرتی ہے جو عرب دنیا کے لیے حکمرانی کے ایک نئے ماڈل کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
