آسٹریلوی حکومت نے گزشتہ روز ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جاری پرتشدد مظاہروں اور غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کے باعث حالات کسی بھی وقت مزید سنگین رخ اختیار کر سکتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی آسٹریلوی شہری اس وقت ایران میں موجود ہے تو وہ ’جلد از جلد‘ واپسی کے انتظامات کرے، کیونکہ موجودہ حالات میں شہریوں کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران میں جاری مظاہرے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے شدت اختیار کر سکتے ہیں، جبکہ مجموعی سکیورٹی صورتحال انتہائی غیر یقینی اور خطرناک ہے۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق موجودہ حالات میں ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی صلاحیت محدود ہو چکی ہے۔
ٹریول ایڈوائزری میں یہ بھی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ تہران میں آسٹریلوی سفارت خانے نے گزشتہ سال ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران اپنی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں، جس کے باعث زمینی سطح پر سفارتی اور قونصلر سہولیات دستیاب نہیں رہیں۔
آسٹریلوی حکومت کے تازہ بیان کے مطابق اس وقت ایران میں آسٹریلوی شہریوں کو قونصلر مدد فراہم کرنے کی صلاحیت انتہائی محدود ہے۔ ایڈوائزری میں خاص طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی شہریوں، بالخصوص دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو حراست میں لیے جانے کا خطرہ زیادہ ہے، اس لیے وہ غیر ضروری قیام سے گریز کریں اور فوری طور پر محفوظ راستے سے وطن واپسی کو یقینی بنائیں۔
