اسلام آباد: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان کا پہلا "سیرت فیسٹیول” جس میں مقامی اور بین الاقوامی اسکالرز نے شرکت کی، آج بروز اتوار اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
تین روزہ فیسٹیول کا آغاز جمعہ کو اسلام آباد کی ایک مقامی یونیورسٹی میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس سے ہوا جس کا عنوان تھا: "عالمی امن کی تلاش پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں”۔
اس تقریب کا اہتمام رحمت العالمین اور خاتم النبیین اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا جو وفاقی حکومت کا ادارہ ہے۔
سیرت فیسٹیول، ربیع الاول کے مہینے کے دوران منعقد کیا جاتا ہے اور یہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو جدید ترقی کے لیے اہم قرار دینے کے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے جمعہ کو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم علم کی ایک نئی تحریک شروع کریں گے۔ ’’مسلمان ایک بار پھر علم کے عالمی رہنما بنیں گے۔ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
اس اجتماع میں موجود اسلامی اسکالرز نے، جہاں قرآن کریم کے ہاتھ سے لکھے ہوئے نسخے بھی آویزاں کیے گئے تھے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر چلنے کی اہمیت پر زور دیا۔
این آر کے این اے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فیسٹیول میں آج یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے قیمتی اسباق پر روشنی ڈالنے والی دستاویزی ویڈیوز دکھائی جائیں گی۔