سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے 2024 کے دوران ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جامع رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق مملکت میں ٹریفک حادثات میں کمی دیکھی گئی، جبکہ مسافروں اور ڈرائیونگ لائسنس کی تعداد میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس 17,200 ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے، جن میں 4,282 افراد ہلاک اور 24,000 سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ اعداد و شمار سال 2023 کے مقابلے میں بہتر ہیں، کیونکہ اموات کا تناسب 7.1 فیصد رہا جبکہ پچھلے سال یہ 12.13 فیصد تھا۔ زخمی ہونے والوں میں بھی 3.8 فیصد کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مملکت کی بری سرحدی چوکیوں پر مسافروں کی آمد ورفت میں اضافہ ہوا۔ 2024 میں مجموعی طور پر 65.9 ملین مسافروں کی آمد ورفت ریکارڈ کی گئی، جن میں سے 33 ملین مملکت میں داخل ہوئے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 32.8 ملین مسافر مملکت سے روانہ ہوئے۔ سب سے زیادہ مسافروں کی آمد ورفت کنگ فہد پل پر رہی، جب کہ الخفجی چیک پوسٹ نے جنوری میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ مسافروں کی آمد ورفت دیکھی۔
اسی دوران، مملکت میں 1.2 ملین نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جو سال 2023 کے مقابلے میں 6.6 فیصد زیادہ ہیں۔ سب سے زیادہ لائسنس ریاض ریجن میں جاری ہوئے، دوسرا نمبر مکہ مکرمہ اور تیسرا مشرقی ریجن کا رہا، جہاں جاری شدہ لائسنسوں کا تناسب 16.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے واضح کیا کہ ٹریفک حادثات میں کمی اور ڈرائیونگ لائسنس کی تعداد میں اضافہ مملکت کی سڑکوں پر حفاظتی اقدامات اور انتظامی اصلاحات کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔
