ریاض میں رواں ہفتے منعقد ہونے والے مِسک گلوبل فورم 2025 میں نوجوان انوویٹرز اور چینج میکرز نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔ اس فورم میں نوجوانوں نے اپنے تجربات، بصیرتیں اور مستقبل کے وژن کو شیئر کیا، جس سے فورم کا موضوع ‘کری ایٹڈ بائی یوتھ’ حقیقت میں اجاگر ہوا۔
14 سالہ آریان نیتن شُکلا اس فورم کے سب سے نمایاں نوجوان مقررین میں سے تھے۔ شُکلا 12 سال کی عمر میں 2022 مینٹل کیلکولیشن ورلڈ کپ جیت چکے ہیں اور چھ مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ فورم میں بات کرنا ایک پُرجوش اور خوشگوار تجربہ تھا، اور شرکا کے مثبت ردِعمل نے انہیں بے حد متاثر کیا۔ شُکلا کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی توجہ ذہنی کیلکولیشن کو بچوں اور نوجوانوں میں فروغ دینے پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں تاکہ اسے ایک کھیل کے طور پر متعارف کروایا جا سکے۔
ایک اور نمایاں نوجوان، 13 سالہ لندا الفیصل، جو ’لندا اینڈ وژن 2030‘ پوڈکاسٹ کی میزبان ہیں، نے سعودی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، “یہ فورم بہت متاثر کن ہے۔ یہاں نوجوانوں کے لیے مواقع موجود ہیں جو انہیں مستقبل تعمیر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ میں ولی عہد محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں کہ وہ ہمیں یہ مواقع فراہم کر رہے ہیں۔”
فورم میں بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے، جیسے سنیپ چیٹ، نے بھی سیشنز پیش کیے تاکہ نوجوان شرکاء کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ٹیکنالوجی کی دنیا سے روشناس کرایا جا سکے۔ 23 سالہ طالبہ ریم الحموی نے کہا کہ یہ فورم نوجوانوں کے لیے سیکھنے اور آگے بڑھنے کا ایک شاندار موقع فراہم کرتا ہے اور یہ ایک اعزاز ہے کہ انہیں مِسک فاؤنڈیشن اور ولی عہد کی حمایت حاصل ہے۔
مِسک گلوبل فورم 2025 نے ثابت کیا کہ نوجوان نہ صرف سیکھنے بلکہ اپنے خیالات اور صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ فورم کے سیشنز اور انوویشن ورکشاپس نے نوجوانوں میں جوش و ولولہ پیدا کیا اور انہیں اپنے وژن کو عملی شکل دینے کی ترغیب دی۔
