جدہ: سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ اور پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کے درمیان جدہ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی تعاون کے فروغ، دعوتی پروگراموں میں اشتراک اور اعتدال پسندی کے پیغام کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پاکستانی وزیر کے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اعتراف کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب نہ صرف مذہبی و تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں بلکہ اسلامی دنیا میں پائیدار امن، رواداری، اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ مؤقف کے مضبوط ستون بھی ہیں۔ ڈاکٹر آل الشیخ نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات تمام شعبوں میں تعاون کو مسلسل مضبوط بنا رہے ہیں، خصوصاً اسلامی امور کے میدان میں دونوں فریق ایک دوسرے کے اہم پارٹنر ہیں۔
انہوں نے پاکستانی عوام کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے مذہبی جذبات اور احترام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور ہر سطح پر تعاون کو مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
پاکستانی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے مختلف شعبوں میں پاکستان کی مسلسل معاونت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام کی خدمت، انسانی ہمدردی کے منصوبے، اور اعتدال و رواداری کے عالمی پیغام کے فروغ میں سعودی عرب کا کردار قابلِ تحسین اور ایک عالمی ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان مستقبل میں اسلامی تعاون کے تمام شعبوں میں مملکت کے ساتھ شراکت داری مزید بڑھائے گا۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان مذہبی تعلقات کے نئے دور کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔
