واشنگٹن: امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی، پاکستانی عوام اور افواج بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں۔ یومِ تشکر کے موقع پر واشنگٹن میں ایک پُراثر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے علاقائی صورت حال پر دو ٹوک مؤقف پیش کرتے ہوئے عالمی برادری کو بھارت کے خطرناک عزائم سے خبردار کر دیا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے اور امریکی قیادت نے کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم اور مثبت کردار ادا کیا، تاہم واقعاتی شواہد اس بات کا پتا دیتے ہیں کہ پہلگام واقعے کا اسکرپٹ پہلے ہی تیار کیا جا چکا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ 22 اپریل سے لے کر آج تک بھارت نے پاکستان کو وہ شواہد فراہم نہیں کیے جن کا بار بار مطالبہ کیا گیا۔ اس کے برعکس، بھارتی حکومت اور میڈیا نے بغیر کسی تحقیق کے طبل جنگ بجانا شروع کر دیا۔
پاکستانی سفیر نے بھارتی پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کے نقشے کی نمائش کو خطے پر غلبے کی پالیسی کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران شروع دن سے ہی علاقائی تسلط کی خواہش کو چھپاتے نہیں، جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
رافیل بھی فیل ہوگیا، بھارت کو سبکی کا سامنا ہےانہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت میں نہتے شہریوں، خواتین، بچوں اور حتیٰ کہ مساجد کو نشانہ بنایا گیا، جو کہ ایک انتہائی اشتعال انگیز اور ناقابلِ قبول عمل ہے۔ لیکن پاکستان کی افواج اور عوام نے پوری قوت سے جواب دیا اور دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔
رضوان سعید شیخ نے کہابھارتی قیادت ناصرف خود ناکام ہوئی، بلکہ اس کی دفاعی حکمت عملی بھی بری طرح ناکام ہوئی رافیل کو بھی فیل کروا دیا گیا۔
انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جو اپنے دفاع، خودمختاری اور سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ہم امن چاہتے ہیں، لیکن اگر جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔آخر میں پاکستانی سفیر نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان پرامن، خوددار اور باوقار قوم ہے جو اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ ہم نے تاریخ میں بار بار یہ ثابت کیا ہے کہ ہم نہ جھکتے ہیں، نہ بکنے والے ہیں اور نہ مٹنے والے ہیں
