ریاض: سعودی وزارت تجارت نے ایک بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریاض کے جنوبی صنعتی علاقے میں قائم ایک غیر قانونی سونے کی فیکٹری پر چھاپہ مارا ہے، جہاں جعلی تجارتی مارکہ والے 1,368 سونے کے زیورات تیار کیے جا رہے تھے۔ ضبط شدہ زیورات کا مجموعی وزن 9.2 کلوگرام (9,258 گرام) بتایا گیا ہے، جن کی مارکیٹ ویلیو 37 لاکھ سعودی ریال سے زائد ہے۔
یہ کارروائی وزارت نے سعودی اتھارٹی برائے انٹیلکچوئل پراپرٹی (SAIP) اور زکوٰۃ، ٹیکس و کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے انجام دی۔ فیکٹری میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنان کو موقع پر گرفتار کر کے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا۔
عاجل نیوز کے مطابق یہ فیکٹری معروف برانڈز کے ٹریڈ مارک کی نقل کرتے ہوئے جعلی زیورات تیار کر رہی تھی، جنہیں مارکیٹ میں اصلی برانڈ کے نام سے فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے مالک اور ذمہ داران کے خلاف قیمتی دھاتوں، پتھروں اور تجارتی مارکہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جس میں بھاری جرمانے، جائیداد کی ضبطی اور قید کی سزائیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔
وزارت تجارت نے واضح کیا کہ جعلی مصنوعات کے خلاف ہماری کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ صارفین کے اعتماد اور مارکیٹ کے معیار کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر وزارت کے ہیلپ لائن یا ایپ کے ذریعے دیں تاکہ جعلسازی کے خلاف بروقت اقدام کیا جا سکے۔
تجارتی مارکہ کی خلاف ورزی، جعلی مصنوعات کی تیاری اور دھوکہ دہی کے الزامات سعودی قوانین کے مطابق فوجداری نوعیت کے جرائم میں آتے ہیں، جن کی سزا قید، جرمانہ، اور فیکٹری کی بندش کی شکل میں دی جا سکتی ہے۔
