ریاض کی فضائی دفاعی حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگِ میل عبور ہوا امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ایل پاسو میں واقع فورٹ بلیس ملٹری بیس پر سعودی عرب کی شاہی فضائی دفاعی فورسز کے اہلکاروں کی ایک نئی جماعت نے اپنی خصوصی تربیت مکمل کر لی۔
یہ گروپ امریکی ساختہ "ٹرمینل ہائی آلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس” (تھاڈ) میزائل سسٹم کو چلانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو جدید ترین دفاعی نظاموں میں شمار ہوتا ہے۔
یہ تربیت محض ایک کورس نہیں بلکہ اس وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد سعودی عرب کو نہ صرف آپریشنل صلاحیت میں خود کفیل بنانا ہے بلکہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر کے خطے میں ایک مضبوط دفاعی دیوار قائم کرنا بھی ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ حالیہ بیچ دو سابقہ گروپوں کے تسلسل میں تیار کیا گیا ہے جو کچھ ماہ قبل اپنی تربیت مکمل کر چکے تھے۔
یوں یہ سلسلہ اس بڑے ہدف کی جانب بڑھتا ہوا ایک اور قدم ہے کہ سعودی افرادی قوت کو مکمل طور پر تھاڈ سسٹم کے آپریشن اور اس کی مینٹیننس میں ماہر بنایا جائے۔
تھاڈ سسٹم دنیا میں ان گنے چنے دفاعی نظاموں میں شامل ہے جنہیں مختصر اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی ناکام بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اسے سعودی عرب کی فضائی دفاعی حکمت عملی کا بنیادی ستون کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، کیونکہ یہ نظام نہ صرف ہائی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے بلکہ انتہائی درستگی اور تیز رفتاری سے میزائل حملوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس پروگرام کے تحت سعودی اہلکاروں نے ایک سخت اور کثیرالجہتی تربیتی مرحلہ مکمل کیا۔ اس تربیت میں تکنیکی اور نظریاتی اسباق کے ساتھ ساتھ جنگی ماحول کی عملی مشقیں اور جدید سمیولیشن شامل تھیں۔ شرکاء کو نہ صرف آپریشنل پہلوؤں پر عبور دیا گیا بلکہ انہیں میدانِ عمل میں ہر طرح کی ممکنہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا۔ یہ تمام تربیت امریکی ماہرین اور اس سسٹم کو تیار کرنے والی کمپنی کے اسپیشلسٹس کی نگرانی میں انجام پائی، جو دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کی ایک اور مضبوط دلیل ہے۔
یہ اقدام سعودی وزارتِ دفاع کی اس وسیع پالیسی سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد اپنی افواج کی جنگی تیاری اور تکنیکی مہارت کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا ہے۔ وژن 2030 کے تحت فوجی شعبے میں جدیدیت لانا اور دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری حاصل کرنا مملکت کے اسٹریٹیجک اہداف میں شامل ہے، اور یہ تربیتی پروگرام انہی اہداف کو عملی جامہ پہنانے کی ایک اہم کڑی ہے۔
تقریبِ تکمیلِ تربیت کا انعقاد فورٹ بلیس ملٹری بیس پر کیا گیا جس میں سعودی فضائی دفاعی فورسز کی نمائندگی جنرل خالد الزہرانی نے کی، جو پہلی فضائی دفاعی گروپ کے کمانڈر ہیں۔ وہ اس تقریب میں سعودی فضائی دفاعی فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مزیاد العمرو کی جانب سے شریک ہوئے۔ تقریب میں امریکی نمائندوں کے ساتھ تربیتی اداروں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی، جو دونوں ممالک کے درمیان جاری فوجی تعاون کو ایک نئے مرحلے تک لے جانے کی علامت ہے۔
