سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے جدہ میں ہونے والے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جاری خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اقدامات عالمی برادری کی جانب سے دو ریاستی حل کی کوششوں کو تباہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ دنیا بھر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جو عالمی شعور کی بیداری کی علامت ہے۔ شہزادہ فیصل نے 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سعودی عرب کے غیر متزلزل عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش جاری رکھے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے متحد ہو کر اقدامات کرے۔ شہزادہ فیصل نے ان ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو اسرائیل کے مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اور انہیں اپنے مؤقف پر نظرثانی کا مشورہ دیا۔
او آئی سی کے اس اہم اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اجلاس کے آغاز سے قبل واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اسرائیل کے قبضے و جارحیت کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
