کوالالمپور: رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے ’فقہ سکالر 2025‘ کے لیے سرکاری طور پر پہلا فورم شروع کیا، جس کا مقصد اسلامی فقہ اور فلسفۂ قانون کی تدریس اور فقیہ کی علمی تربیت کو فروغ دینا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق فقہ، اسلامی فلسفۂ قانون کی اصطلاح ہے، جو قرآنِ پاک اور پیغمبرِ اسلام کی سنت کے مطابق اسلامی قانون کی تشریح اور تفہیم پر محیط ہے۔
دو روزہ فورم کا انعقاد رابطہ عالم اسلامی کی اسلامی فقہ کونسل کے زیرِ اہتمام ہوا اور ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا۔ فورم کے بڑے موضوعات میں شامل تھےاسلامی فقہ کی تدریس اور فقیہ کی علمی تشکیل، رہنما اصول اور فریم ورک بھی بنایا جائےگا۔
اس فورم میں سعودی عرب اور ملائیشیا کے سینئر سکالرز اور دنیا کے مختلف ممالک سے مسلمان اقلیت میں شامل سکالرز نے حصہ لیا۔ سعودی عرب کی سینئر سکالرز کونسل کے سیکریٹری جنرل شیخ فہد الماجد نے مملکت کے مفتی اعظم کی طرف سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فورم اسلامی دنیا کی جامعات میں نصاب کی گہری جانچ کرے گا، تاکہ تحقیق اور غور و فکر کے قابل فقیہ تیار ہوں۔
شیخ فہد الماجد نے کہا، ’اسلامی فلسفۂ قانون ایسے فقیہ تیار کرے گا جو نئے ابھرتے مسائل اور تشویشات پر مؤثر غور و فکر کر سکیں۔ یہ فقیہ علمی اعتبار سے طاقتور اور سماجی اثر پذیری رکھنے والے ہوں گے۔‘
اپنے ابتدائی کلمات میں سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے کہا کہ اسلامی فلسفۂ قانون ماضی سے اب تک جاری ہونے والے فتاویٰ کو سمجھنے کا ایک مضبوط قانونی حوالہ رہا ہے۔ اس کے ذریعے مسلمان اپنے دین کو سمجھنے اور اسلامی قانون کی رہنمائی میں اپنی زندگیوں کو بہتر طور پر منظم کر سکتے ہیں۔
یہ فورم نہ صرف اسلامی فقہ کے نصاب اور فقیہ کی تربیت میں اہم قدم ہے بلکہ تحقیق، علمی تبادلہ اور عالمی تعاون کے ذریعے اسلامی دنیا میں فکری اور عملی ترقی کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
