قاہرہ:عرب لیگ کی وزرائے خارجہ کونسل نے اپنے 164 ویں اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے ہیں۔سعودی عرب کے نامزد امیدوار کرنل ناصر السبیعی کو عرب ماہرین کی انسداد دہشت گردی ٹیم کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی سعودی عرب کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، اور اس سے عرب دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سعودی عرب کی قیادت کومزید تقویت ملے گی۔
کرنل ناصر السبیعی کا تعلق سعودی عرب سے ہے، اور انہیں دو برس کے لیے عرب ماہرین کی انسداد دہشت گردی ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی عرب لیگ کے اس عزم کا حصہ ہے کہ خطے میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
کرنل السبیعی کی قیادت میں یہ ٹیم دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کرے گی اور اہم مشاورتی کاموں میں شریک ہوگی۔
اس اجلاس میں قطر کے سفیر سعد التمیمی کو بھی دو برس کے لیے مستقل کمیٹی برائے انتظامی و مالی امور کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ سعد التمیمی کی یہ تعیناتی عرب لیگ میں قطر کی فعال کردار کو مزید مستحکم کرے گی۔ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں میں تنظیم کے مالی اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات کریں گے۔
عرب لیگ کی وزرائے خارجہ کونسل نے فلسطینی سفیر فائد مصطفی کو 5 برس کے لیے عرب لیگ کا معاون سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ فلسطینی قیادت کی عرب لیگ میں نمایاں حیثیت رکھنے کی یہ تعیناتی فلسطین کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مزید معاون ثابت ہو گی۔
کونسل نے میڈرڈ، برلن، پیرس، ارجنٹائن، نیو دہلی، ماسکو، لندن اور صومالیہ میں موجودعرب لیگ کےمشن سربراہان کے معاہدوں میں مزید ایک برس کی توسیع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس فیصلے کے ذریعے عرب لیگ عالمی سطح پر اپنی سفارتی سرگرمیوں کو مزید مستحکم کرے گی۔
عرب لیگ نے فلسطینی سفیر ابراہیم الزبن کو بھی عرب لیگ کے خالی مشنز یا دفاتر میں سےکسی ایک کی سربراہی کے لیے دو برس کی مدت کے لیے تعینات کرنے کی توثیق کی ہے۔ اس فیصلے سے فلسطینی قیادت کو ایک اور سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
