ریاض: سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے جی سی سی کی سپریم کونسل کے غیر معمولی اجلاس اور عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو ایک خصوصی ٹیلی گرام ارسال کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد نے امیر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ قطر کی جانب سے اجلاس کے دوران ہونے والی پرتپاک میزبانی اور استقبال نے کانفرنس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹیلی گرام میں شہزادہ محمد بن سلمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ جی سی سی کی سپریم کونسل کے ہنگامی اجلاس اور عرب و اسلامی سربراہی کانفرنس جو امیر قطر کی زیر صدارت منعقد ہوئی، ان کے نتیجے میں تمام شریک ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی مزید مستحکم ہوگی۔
اجلاس کے دوران تمام ممالک نے اس وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کی، جو قطر پر کی گئی تھی، اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ قطر کے ساتھ ہیں۔
ولی عہد نے پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام ممالک نے بین الاقوامی ضوابط و قوانین کی خلاف ورزی کو قطعی طور پر مسترد کیا، جو ان جارحانہ کارروائیوں کی نمائندگی کرتی تھی۔ آخر میں، ولی عہد محمد بن سلمان نے امیر قطر اور قطری عوام کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
