دوحہ :خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کی افواج کے سربراہان نے گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں خطے کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات، چیلنجز اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں جی سی سی سیکرٹریٹ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے عسکری امور میجر جنرل پائلٹ عیسیٰ المہندی اور متحدہ عسکری کمان کے کمانڈر میجر جنرل عبدالعزیز البلوی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر رکن ممالک کے فوجی سربراہان نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ دفاعی حکمت عملی پر مشاورت کی۔
اجلاس میں شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں خلیجی ممالک کے درمیان عسکری اتحاد اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خطے کو لاحق خطرات کے تناظر میں نہ صرف مشترکہ دفاعی نظام کو مضبوط بنایا جائے بلکہ عسکری انفراسٹرکچر، انٹیلی جنس تعاون اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔
فوجی کمانڈرز نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ رکن ممالک کی افواج کو ایک متحدہ پلیٹ فارم کے تحت مزید مربوط انداز میں تربیت اور مشقوں کا سلسلہ بڑھایا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔
شرکاء نے واضح کیا کہ خلیجی تعاون کونسل کا عسکری اتحاد دشمنوں کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ خطے کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ خلیجی ممالک مشترکہ سطح پر دفاعی ساز و سامان اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں تعاون کو بڑھائیں گے۔
اس اجلاس کو خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خلیجی ممالک اپنی اجتماعی طاقت کے ذریعے کسی بھی بیرونی خطرے یا مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
