سعودی عرب کے الشرقیہ ریجن میں واقع کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا) آنے والے دنوں میں قومی جوش و جذبے کا مرکز بننے جا رہا ہے، جہاں 22 سے 27 ستمبر تک سعودی یومِ وطنی کے سلسلے میں شاندار تقریبات اور رنگا رنگ پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ ظہران میں واقع یہ ثقافتی مرکز آرٹس، ورثے، موسیقی، تفریح اور قومی شناخت کے حسین امتزاج کو ایک چھ روزہ تہوار کی شکل میں پیش کرے گا، جس میں ہر عمر اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کچھ نہ کچھ خاص ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق، یومِ وطنی کی تقریبات میں موسیقی کے دلکش مظاہرے، انٹرایکٹیو مشینیں، فلمی نمائشیں، تخلیقی ورکشاپس، اور خاندانی تفریحی سرگرمیوں کا بھرپور بندوبست کیا گیا ہے۔ اثرا کی عمارت سبز و سفید روشنیوں سے جگمگائے گی، جو قومی پرچم کے رنگ ہیں، جبکہ زائرین کو سعودی لباس پہننے کی ترغیب دی گئی ہے— اگرچہ یہ لازمی نہیں۔
اس تہوار میں کئی دلچسپ تجربات شامل ہوں گے جن میں ’سعودی ٹائم کیپسول‘ خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔ اس انٹرایکٹو تجربے میں زائرین اپنے ویڈیو پیغامات، تصاویر اور جذبات ریکارڈ کرا سکتے ہیں، جنہیں پانچ برس بعد دوبارہ عوام کے سامنے لایا جائے گا، یوں یہ یادیں وقت کا حصہ بن جائیں گی۔
ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے، نمائشوں میں ’سعودی ایمبلیم آرکائیو‘ اور ’فرام بین ٹو کپ‘ شامل ہیں، جہاں لوگ سعودی عرب کے قومی نشان کی تاریخ اور سعودی کافی کی روایات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ موسیقی کے شائقین کے لیے ’ڈائیلاگ آف ٹیونز‘ کے ذریعے عربی کلاسیکی ساز عود کی دلنواز دھنیں سامعین کو مشرقی موسیقی کی دنیا میں لے جائیں گی۔
بچوں کے لیے چلڈرنز میوزیم اور تخلیقی ورکشاپس جیسے ’کرافٹ اے لیوینڈر‘، ’آرٹس سپیکس سعودی‘، ’سٹیمپ آف گلوری‘ اور ’روبو کیمل ایڈوینچر‘ تفریح اور سیکھنے کا حسین امتزاج فراہم کریں گی، جن کا مقصد سعودی ثقافت کو بچوں کے لیے دلچسپ انداز میں پیش کرنا ہے۔
آتش بازی کا مظاہرہ، باغات میں شام کی محفلیں، اور ‘سِنگ اَلانگ’ تھیئٹر ایونٹ ان تقریبات کو ایک یادگار تجربہ بنا دیں گے۔ اثرا تھیئٹر کا یہ خصوصی حصہ قومی گیتوں کو عوامی انداز میں گانے کا ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں جذبات، موسیقی اور حب الوطنی ایک ساتھ جھلکیں گے۔
اثرا کی تقریبات میں شرکت مفت ہوگی، تاہم بعض مخصوص پروگراموں کے لیے ٹکٹ درکار ہوں گے۔ اثرا ممبران کو خصوصی رعایتیں اور پیشکشیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ یہ تقریب روزانہ شام 4 بجے سے رات 11 بجے تک جاری رہے گی۔ مکمل شیڈول اور مزید تفصیلات اثرا کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
یومِ وطنی کے اس جشن میں، اثرا نہ صرف سعودی ورثے کی عکاسی کرے گا بلکہ نئی نسل yکو قومی فخر، ثقافت، اور تخلیقیت سے جوڑنے کا پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا
