سعودی عرب کی مختلف جامعات کے 30 باصلاحیت گریجویٹس لندن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس انجینیئرنگ بوٹ کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ منفرد پروگرام سعودی عرب کی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کی اتھارٹی (SDAIA) اور دنیا کی ممتاز درسگاہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جو 9 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق اس تربیتی پروگرام میں وہ نوجوان شامل ہیں جو بیچلر یا ماسٹر کی سطح پر مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ بوٹ کیمپ کے شرکاء کو جدید ترین ٹیکنالوجیز جیسے TensorFlow، PyTorch، YOLO اور Hugging Face پر عملی تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
یہ کورس بین الاقوامی ماہرین کی رہنمائی میں شرکاء کو کمپیوٹر وژن، دقیق تحقیق اور مستقبل بینی کے ماڈلز کے استعمال کی مہارتیں دے گا تاکہ وہ عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔
کیمپ کا پہلا مرحلہ آن لائن مکمل کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے کے دوران شرکاء کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں تین ہفتوں تک براہِ راست تربیت دی جائے گی۔
یہ انیشیٹیو سعودی وژن 2030 کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اہداف کو تقویت دے گا اور نوجوان گریجویٹس کو عالمی مسابقت کے لیے تیار کرے گا۔
