کراچی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کا ایک نیا اور روشن باب رقم ہوا، جب دونوں ممالک نے نوجوانوں کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دو اہم یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن کا مقصد نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر اور کھیل کے مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر نمایاں کردار ادا کر سکیں۔
دستخط کی یہ تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی،سعودی قونصل جنرل محمدعبداللہ السبیعی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کے اراکین بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران دونوں فریقوں نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تعلیم اور کھیلوں کے عالمی معیار سے جوڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ “قوموں کی ترقی تعلیم، ٹیکنالوجی اور کھیل کے فروغ سے وابستہ ہے۔ جب نوجوان باصلاحیت ہوں اور ان کے پاس جدید مہارتیں ہوں تو کوئی طاقت انہیں پیچھے نہیں رکھ سکتی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جلد ایک دوستانہ میچ بھی منعقد کیا جائے گا، جو دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے گورنر سندھ کی میزبانی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے نوجوانوں کو مستقبل کا سرمایہ سمجھتا ہے۔ آئی ٹی اور کھیل وہ دو میدان ہیں جن میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب پاکستان کے نوجوانوں کی استعداد بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری اور تربیتی مواقع فراہم کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور ان کے وفد کو کراچی ایئرپورٹ پر الوداع کہا۔ شہزادہ منصور نے دورے کے دوران ملنے والی محبت، گرمجوشی اور مہمان نوازی پر گورنر سندھ اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ یہ معاہدے نہ صرف پاک–سعودی تعلقات میں نئی توانائی پیدا کرتے ہیں بلکہ مستقبل میں نوجوان نسل کے لیے ترقی، روزگار اور عالمی شمولیت کے بے شمار دروازے کھولنے کا وعدہ رکھتے ہیں
