ریاض :قطری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل جاسم بن محمد المناعی نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض میں قائم اسلامی عسکری اتحاد برائے انسدادِ دہشتگردی (IMCTC) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، اتحاد کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محمد سعید المغیدی نے قطری وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ تعاون، علاقائی سلامتی کے فروغ اور عسکری استعداد کار کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو میں دہشتگردی کے فکری، مالی اور تنظیمی ذرائع کے خاتمے کے لیے رکن ممالک کے درمیان مربوط حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔ میجر جنرل المغیدی نے بتایا کہ سعودی وزیر دفاع اور عسکری اتحاد کے وزرائے دفاع کونسل کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں اتحاد کو بھرپور سرپرستی اور تعاون حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی عسکری اتحاد اپنے مقاصد کے حصول کے لیے رکن ممالک کے ساتھ اجتماعی عمل، معلومات کے تبادلے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے رہا ہے تاکہ علاقائی و بین الاقوامی سطح پر پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
قطری آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل جاسم بن محمد المناعی نے اتحاد کے مؤثر کردار اور اس کے انسدادِ دہشتگردی کے عملی اقدامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی عسکری اتحاد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف فوجی سطح پر بلکہ فکری و میڈیا محاذ پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
دورے کے اختتام پر قطری وفد نے اتحاد کے مرکزی دفتر اور خصوصی تحقیقی مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وفد کو انتہا پسندی کے خلاف فکری اور میڈیا جنگ میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجیز، ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹمز، اور سٹریٹیجک کمیونیکیشن کے جدید طریقۂ کار سے آگاہ کیا گیا۔
یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور رکن ممالک کے مابین دفاعی ہم آہنگی کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
