ریاض/پیرس:سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں غزہ کی تازہ صورتحال، انسانی بحران اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے غزہ پٹی میں جاری جنگ کے فوری خاتمے، فلسطینی عوام کی انسانی مشکلات میں کمی، اور خطے میں سلامتی و استحکام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر میکرون نے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور فلسطینی عوام کو فوری انسانی ریلیف فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دو ریاستی حل ہی منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کی بنیاد بن سکتا ہے، اور عالمی برادری کو اس سمت میں سنجیدہ اقدامات کرنے چاہییں۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سعودی عرب اور فرانس کے درمیان توانائی، معیشت، دفاع اور ثقافتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
