القصیم :گورنرِ قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود نے سعودی شہری مشعل الحربی کو شجاعت اور بہادری کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز انہیں ایک ایسے کارنامے پر دیا گیا جس میں انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک جلتی ہوئی گاڑی کو رہائشی علاقے سے دور کر کے ایک ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا۔
واقعہ 16 اکتوبر کی صبح تین بجے القصیم ریجن کے علاقے القوارہ میں پیش آیا، جب ایک گاڑی اچانک شعلوں میں لپٹ گئی۔ مشعل الحربی کے مطابق وہ اپنے کمرے میں سوئے ہوئے تھے کہ گاڑی کے الارم کی آواز نے انہیں جگا دیا۔ باہر نکلنے پر دیکھا کہ پڑوسی کے گھر کے سامنے کھڑی گاڑی میں آگ لگی ہوئی تھی، جو تیزی سے قریبی گھروں اور گاڑیوں تک پھیلنے کا خطرہ بن چکی تھی۔
مشعل الحربی نے بتایا، “میں نے ایک لمحے کے لیے بھی سوچا نہیں، فوراً اپنی گاڑی اسٹارٹ کی اور جلتی ہوئی گاڑی کو دھکیل کر مکان اور دیگر گاڑیوں سے دور لے گیا۔” ان کے اس اقدام سے نہ صرف قریبی گھروں کو بچا لیا گیا بلکہ کئی قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔
گورنرِ قصیم شہزادہ فیصل بن مشعل کو جب اس غیرمعمولی بہادری کی اطلاع ملی تو انہوں نے مشعل الحربی کو گورنریٹ میں مدعو کیا اور انہیں اعزاز اور تحسینی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔ شہزادہ فیصل بن مشعل نے کہا کہ مشعل الحربی نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی حفاظت کی مثال قائم کی، اور ایسے افراد ہی حقیقی سعودی جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔
دوسری جانب اخبار 24 کے مطابق پولیس نے اس واقعے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس نے اعتراف کیا کہ گاڑی کے مالک کے ساتھ تنازع کی وجہ سے اس نے گاڑی کو آگ لگائی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اسی جگہ آگ لگائی جہاں مشعل الحربی کا گھر واقع ہے۔
مشعل الحربی کے اس جرات مندانہ اقدام کو سوشل میڈیا پر بھی خوب سراہا جا رہا ہے، اور لوگ انہیں سعودی ہیرو کے لقب سے یاد کر رہے ہیں۔
