دبئی:سعودی سیاحتی اتھارٹی کی ٹیم نے عمان، قطر، بحرین اور امارات میں اپنے دورے مکمل کر لیے، جس کا مقصد مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم معلومات فراہم کرنا اور خلیجی مارکیٹ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا تھا۔ اس سلسلے میں دبئی میں مشترکہ سیاحتی نمائش ’شتاء السعودیہ 2025‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات کے بارے میں وزیٹرز کو تفصیلی آگاہی دی گئی۔
نمائش میں 30 سے زائد سعودی سیاحتی کمپنیاں شامل تھیں، جن میں ٹور آپریٹرز، ہوٹلنگ، ایوی ایشن اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے ادارے شامل تھے۔ اس موقع پر وزٹ سعودی عرب پلیٹ فارم کے تحت سیمینارز بھی منعقد کیے گئے، جن میں مملکت اور جی سی سی ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ کے امکانات اور اشتراک پر گفتگو کی گئی۔
سعودی سیاحتی شعبے کے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے ڈائریکٹر عبدالکریم الدرویش نے کہا کہ یہ دورہ خلیجی مارکیٹ کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ یہ علاقہ سعودی سیاحت کے لیے اہم مارکیٹ شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی سیاحتی اداروں کے اشتراک و تعاون کے ذریعے منصوبوں کو بہتر بنانے اور مثبت مقابلے کے تحت مراعات فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔
نمائش اور سیمینارز کے دوران ریاض، الدرعیہ، جدہ، العلا، ریڈ سی اور دیگر علاقوں کے سیاحتی پروگرامز کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کی گئیں، جبکہ ’ویلکم ونٹر‘ کے عنوان سے موسم سرما کے پروگرام کو بھی متعارف کرایا گیا تاکہ وزیٹرز کو سعودی عرب کے قدرتی، تاریخی اور ثقافتی مقامات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
یہ اقدام سعودی سیاحتی اتھارٹی کی جانب سے نہ صرف مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے بلکہ خلیجی ممالک کے وزیٹرز کو سعودی عرب کے منفرد سیاحتی تجربات سے روشناس کرانے کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے۔
