ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک اہم سہ فریقی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان، شام کے صدر احمد الشرع، اور کوسوو کی صدر فیوس عثمانی نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر شام کی جانب سے جمہوریہ کوسوو کو رسمی طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا گیا، جسے سعودی عرب نے خوش آئند قرار دیا۔
سعودی عرب نےاس موقع پر کہا کہ شام کےاس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اوردونوں قوموں کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔سعودی عرب نے زور دیا کہ مملکت بین الاقوامی تعاون کے فریم ورک کومزیدفروغ دینے کی خواہاں ہے تاکہ عالمی سطح پر امن اور ترقی کے امکانات بڑھ سکیں۔
شام کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ کوسوو کو آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنا عوام کے حق خود ارادیت پر شام کے یقین کی عکاسی کرتا ہے اور یہ فیصلہ بلقان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے اصولوں کو مضبوط بنانے کی خواہش کے تحت کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ فیصلہ شام کی خارجہ پالیسی کے فریم ورک کے مطابق ہے، جس کا مقصد دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسیع کرنا اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوستی کے رشتے مضبوط کرنا ہے۔
بیان میں سعودی عرب کی کردار کی بھی تعریف کی گئی، جس نے مناسب حالات پیدا کرنے اور مذاکرات و مفاہمت کی حمایت میں اپنا تعمیری کردار ادا کیا۔ شام نے امید ظاہر کی کہ کوسوو کے ساتھ جلد از جلد سفارتی تعلقات قائم کیے جائیں گے اور سیاسی، اقتصادی، ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون فروغ پائے گا تاکہ دوست ممالک اور عوام کے مشترکہ مفادات حاصل ہوں۔
