ریاض:سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نےگزشتہ روز دارالحکومت ریاض میں ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم بن سلطان اسکندر سے ملاقات کی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے (SPA) کے مطابق، ملاقات سے قبل سلطان ابراہیم کے اعزاز میں یمامہ محل میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں شاہی خاندان اور سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور ملائیشیا کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، اور دفاعی تعاون سمیت متعدد شعبوں میں شراکت کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صرف اسلامی اخوت پر مبنی نہیں بلکہ مشترکہ ترقیاتی اہداف اور علاقائی استحکام کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کی حیثیت رکھتے ہیں۔
گفتگو کے دوران توانائی، پیٹرولیم، قابلِ تجدید ذرائع، اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مشترکہ منصوبوں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے دفاعی شعبے میں تربیت، معلومات کے تبادلے، اور صنعتی شراکت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا تاکہ خطے کے امن و استحکام کو مضبوط بنایا جا سکے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، سلطان ابراہیم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔یہ ملاقات سعودی عرب کے ویژن 2030کے اہداف کے تناظر میں بھی اہم سمجھی جا رہی ہے، جس کے تحت مملکت ایشیائی ممالک کے ساتھ اپنی معاشی و سفارتی شراکت داری کو مزید وسعت دے رہی ہے۔
