لندن میں منعقد ہونے والی عالمی سفری نمائش ’ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن 2025‘ میں سعودی پویلین نے بھرپور شمولیت اور شاندار موجودگی کے ساتھ سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ اس نمائش میں دنیا کے 180 سے زائد ممالک کے نمائندے، سیاحت کے وزرا، ہوٹل اور ایئرلائن کمپنیوں کے سربراہان، اور عالمی سیاحتی مراکز کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔
سعودی پویلین کو مرکزی شراکت دار کے طور پر پیش کیا گیا، جو سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی عالمی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ نمائش ہر سال دنیا بھر سے 45 ہزار سے زائد ماہرین اور سیاحتی شوقین افراد کو اپنی جانب کھینچتی ہے جبکہ 5 ہزار سے زائد معروف نمائش کنندگان اور خریدار بھی شرکت کرتے ہیں۔
سعودی پویلین کا جدید اور پرکشش ڈیزائن سعودی ثقافت اور جغرافیائی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی سیاحت اتھارٹی کے زیرِ اہتمام پویلین میں 70 سے زائد ادارے شریک تھے، جن میں سرکاری وزارتیں، قومی ادارے اور معروف نجی کمپنیاں شامل ہیں، جو رہائش، ہوابازی اور تفریح کے شعبوں میں سرگرم ہیں۔
نمائش میں نیوم، بحیرہ احمر، درعیہ جیسے بڑے منصوبوں کے ساتھ سعودی عرب کے 14 سیاحتی مقامات کا تعارف پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں، سعودی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے، جس کا مقصد مشترکہ تشہیر، سیاحتی مصنوعات کی ترقی اور یورپی و برطانوی مارکیٹوں سے مزید سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔
سعودی پویلین کی اس شاندار موجودگی نے نہ صرف سیاحتی صنعت میں سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کیا بلکہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور سیاحتی ماہرین کے لیے بھی نیا تعاون اور مواقع فراہم کیے۔
