ریاض:سعودی دارالحکومت ریاض اس سال 2 تا 4 دسمبر 2025 کو بلیک ہیٹ کا چوتھا ایڈیشن میزبان بننے جا رہا ہے، جو سائبر سیکیورٹی کے عالمی سطح کے سب سے بڑے پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔ ایونٹ ریاض ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا اور اس کا اہتمام سعودی فیڈریشن فار سائبرسیکیورٹی، پروگرامنگ اینڈ ڈرونز اور کمپنی تحالف کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی ادارہ انفورما اور فنڈ فار ایونٹس اس کے اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔ اس سال کی تھیم ہے ’سائبر سیکیورٹی کے لیے عالمی پلیٹ فارم‘، جس کا مقصد کاروباری شعبے کو جدید سیکیورٹی ٹیکنالوجیز سے جوڑنا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایونٹ میں 140 ممالک سے 45,000 سے زائد شرکا، 450 سے زیادہ عالمی و مقامی کمپنیوں کی نمائش، اور 300 بین الاقوامی ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔ 12 تھیٹرز پر 500 گھنٹے سے زیادہ خصوصی مواد پیش کیا جائے گا، جس میں لائیو ایتھیکل ہیکنگ ڈیموز، اعلیٰ تکنیکی ورکشاپس، 18 پینل ڈسکشنز اور 7 انٹرایکٹو سیشنز شامل ہیں۔ گوگل کلاؤڈ، سسکو، ہبوب، سائٹ، انفو بلوکس، مائیکروسوفٹ، انٹرپول، ماسٹر کارڈ اور رائٹ گیمز سمیت متعدد عالمی کمپنیاں اس ایونٹ میں شریک ہوں گی۔
سعودی فیڈریشن کے چیئرمین فیصل الخمیسی کے مطابق بلیک ہیٹ کی مسلسل چوتھی میزبانی اس بات کی دلیل ہے کہ سعودی عرب عالمی سطح پر سائبر سیکیورٹی میں قائدانہ حیثیت اختیار کر چکا ہے اور ریاض خطے کا سب سے اہم ٹیکنالوجی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کا مقصد ٹیکنالوجی اور بزنس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور معیشت کو مضبوط کرنے والے جدید سیکیورٹی مسائل کے حل میں اداروں کی رہنمائی کرنا ہے۔ یاد رہے کہ بلیک ہیٹ کی بنیاد 1997 میں امریکا میں رکھی گئی تھی اور آج یہ سائبر سیکیورٹی کے شعبے کا سب سے معتبر عالمی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، جہاں دنیا کے بہترین ماہرین اور جدت کار اپنی تحقیق اور جدید ترین تکنیک پیش کرتے ہیں۔
