دبئی ایئر شو 2025 کے پہلے ہی دن بھارت کو اس وقت شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب بھارتی فضائیہ کے ہلکے جنگی طیارے تیجس میں اچانک تیل رسنے کا واقعہ پیش آیا۔ دنیا بھر کے میڈیا، دفاعی ماہرین اور سینکڑوں شائقین کی موجودگی میں پیش آنے والے اس حادثے نے نہ صرف بھارتی وفد کو مشکلات میں ڈال دیا بلکہ بھارتی دفاعی ٹیکنالوجی کے معیار پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھا دیے۔
صورتحال اس وقت مزید توجہ کا مرکز بنی جب بھارتی ٹیکنیشنز نے تیل لیکیج کو روکنے کے لیے عارضی طور پر شاپنگ بیگز کا استعمال شروع کر دیا۔ یہ منظر ایونٹ میں شریک افراد اور سوشل میڈیا صارفین کے لیے حیرت اور مذاق کا باعث بنا، جس کے بعد یہ واقعہ دیکھتے ہی دیکھتے عالمی خبروں کا حصہ بن گیا۔
معروف دفاعی مبصر سہیل احمد نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دبئی ایئر شو کے پہلے ہی دن تیجس سے تیل رسنے کا واقعہ پیش آیا۔ ایک اور سال، ایک اور شرمندگی جس کی بھارت نہ توقع کر رہا تھا نہ ہی خواہش۔ مگر یہ بدقسمتی پھر بھی ان کے حصے آگئی۔
دوسری جانب عاطف رؤف نے طنزیہ انداز میں لکھا بھارتی تیجس دبئی ایئر شو میں پہنچا تو پاکستانی JF-17 کو دیکھ کر گھبرا گیا اور طیارے کا ٹینک ہی لیک ہو گیا۔
اس تمام ہنگامے کے باوجود دبئی ایئر شو 2025 کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں ہوا۔ ایئر شو میں دنیا بھر کی جدید ترین جنگی مشینری، اسٹیلتھ ڈرونز، ایڈوانسڈ ایئر موبلٹی ٹیکنالوجیز اور اسپیس ایوی ایشن کے منصوبے نمائش کا حصہ ہیں۔ ایونٹ میں خصوصی فضائی کرتب اور دلکش نائٹ فلائنگ شوز بھی شامل ہیں، جو 21 نومبر تک جاری رہیں گے۔
پاکستان کی جانب سے پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس (PAC) اپنی جدید ٹیکنالوجیز، تربیتی طیاروں، ایم آر او سروسز اور ایوی ایشن کی صلاحیتیں دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔
اسی کے ساتھ پاکستان ایرو اسپیس کونسل بھی ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کی عالمی سطح پر بھرپور نمائندگی کر رہی ہے۔ایئر شو کا یہ واقعہ جہاں بھارتی دفاعی ٹیکنالوجی پر سوال اٹھا رہا ہے، وہیں اسے سوشل میڈیا پر پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی مسابقت نے مزید موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔
