سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوی ایشن کی عظمت اور ایئر اسپورٹس کا سب سے بڑا میلہ آج ریاض میں شاندار انداز سے سج گیا، جہاں 25 نومبر سے شروع ہونے والا یہ ایونٹ 29 نومبر 2025 تک آسمان کو رنگوں، آوازوں اور جدید ٹیکنالوجی کے دلکش مظاہروں سے بھر دے گا۔ یہ ایونٹ نہ صرف سعودی عرب کے ایوی ایشن سیکٹر میں نئے دور کا آغاز ہے بلکہ ریاست کی ثقافتی پہچان، جدید وژن اور عالمی معیار کی میزبانی کی بہترین مثال بھی ہے۔
اس فیسٹیول کی سب سے نمایاں سرگرمی سینڈ اینڈ فن شو ہے جو ایوی ایشن اسپورٹس، عرب روایات، صحرا کی جاذبیت، تھری ڈی لائٹس اور تفریح کو ایک ہی تجربے میں تبدیل کرتا ہے۔ یہاں آنے والوں کو پہلی بار ایسے پروگرام دیکھنے کو مل رہے ہیں جن میں ایئر شو، گرم ہوا کے غبارے، جدید ڈرون ڈسپلے، ماڈل ایئرکرافٹ، صحرا میں اسپیڈ مقابلے، روشنیوں کے اثرات اور نوجوانوں کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپس شامل ہیں۔
سعودی ایوی ایشن کلب کے جنرل سپروائزر احمد الفھید نے بتایا کہ یہ ایونٹ نوجوانوں کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے، جہاں تفریح، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ایئر اسپورٹس ایک ساتھ پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد سعودی نوجوانوں کو ایوی ایشن سے جوڑنا اور انہیں مستقبل کی ہوا بازی کی صنعت میں فعال کردار کے قابل بنانا ہے۔
یہ شاندار ایونٹ سعودی ایوی ایشن کلب کے پچیس برس مکمل ہونے پر منعقد ہو رہا ہے۔ سال 2000 میں کابینہ کی منظوری کے بعد قائم ہونے والے اس کلب کو آغاز سے ہی حکومتی سرپرستی حاصل رہی۔ احمد الفھید کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دو ہزار چھ میں کلب کا دورہ کر کے اس شعبے کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا۔ ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ویژن دو ہزار تیس کے تحت ہوا بازی کو عالمی سطح تک پہنچانے کے لیے ہمیشہ خصوصی رہنمائی فراہم کی۔
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بدر بن عبدالعزیز بھی اس فیسٹیول کی سرپرستی کر رہے ہیں اور ان ہی کی معاونت سے ایونٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق منظم کیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق اس فیسٹیول میں لاکھوں افراد کی آمد متوقع ہے جو ایوی ایشن کے شوق کے ساتھ ساتھ جدید سعودی عرب کا رنگا رنگ چہرہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
یہ ایونٹ عالمی سطح پر واضح پیغام ہے کہ سعودی عرب صرف توانائی اور معیشت ہی نہیں بلکہ ہوا بازی کے میدان میں بھی اب نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پانچ روز جاری رہنے والا یہ میلہ جدید ریاستی وژن اور تیزی سے ترقی کرتی ایئر انڈسٹری کا دلکش امتزاج پیش کرتا ہے۔
