اسلام آباد میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جادو ٹونے سے نہیں، ملک محنت، اتحاد اور مسلسل جدوجہد سے ترقی کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور معاشی ترقی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اس لیے قومی یکجہتی اور فکری ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کنونشن میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک قوم میں اتحاد اور بھائی چارے کی فضا قائم نہیں ہوگی، پاکستان ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے اور اس استحکام میں مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا مذاق اڑایا جائے گا تو دنیا پاکستان کا احترام کیسے کرے گی؟ وزیراعظم نے واضح کیا کہ فوج کے خلاف زہر آلود پراپیگنڈے کا جواب دینا حکومت، علما کرام اور ہر محب وطن شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ "معرکۂ حق” میں قوم کی دعائیں قبول ہوئیں اور افواج کے بہادر سپاہیوں نے ناقابلِ تسخیر عزم کے ساتھ دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کے خلاف جنگ میں جرات اور حکمت عملی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت نے مشترکہ جدوجہد کی اور اب پاکستان معاشی استحکام کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ وزیراعظم نے فرقہ واریت کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی بعض مکاتبِ فکر کے لوگ ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھنے سے گریز کرتے ہیں، جو اتحادِ امت کے منافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوارج کے حملوں میں معصوم پاکستانی شہید ہو رہے ہیں، لیکن شہدا نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر بے شمار بچوں کو یتیم ہونے سے بچا لیا، اور پوری قوم ان قربانیوں کی مقروض ہے۔
