تبوک: سعودی عرب کے تبوک ریجن میں واقع پہاڑی سلسلے اپنی منفرد قدرتی مناظر، ارضیاتی ساخت اور حیاتیاتی تنوع کی بدولت سیاحوں اور ماہرینِ ماحولیات کے لیے کشش کا مرکز ہیں۔ ان پہاڑوں میں سب سے نمایاں ’رال پہاڑ‘ ہے، جو الوجہ کمشنری کے گاؤں ’المنجور‘ سے تقریباً 90 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رال پہاڑ لاکھوں برس سے اپنی چٹانی تکونی ساخت کی بدولت مشہور ہے اور یہ شمالی اور جنوبی حصوں میں تقسیم ہے۔ اس کی منفرد بناوٹ دیکھنے والوں کو قدرت کے اسرار پر غور کرنے پر مجبور کرتی ہے، اور ماہرین اسے فطرت کے تراشیدہ شاہکاروں میں شمار کرتے ہیں۔
عالمی ماؤنٹین ڈے، جو ہر سال 11 دسمبر کو منایا جاتا ہے، کے موقع پر پہاڑی علوم اور سیاحت کے شائقین اس خطے کی طرف متوجہ ہوتے ہیں تاکہ رال پہاڑ اور اس کے اردگرد کے قدرتی ماحول کا مطالعہ کر سکیں۔ لاکھوں برس پرانی چٹانیں ہواؤں اور موسمی اثرات کے ساتھ مختلف اشکال اختیار کرتی ہیں، جو فطرت کے حسن کو اور بھی نمایاں بناتی ہیں۔
رال پہاڑ کے اطراف کا علاقہ نایاب پودوں اور جنگلی حیات سے بھرپور ہے۔ خشک موسم میں صحرائی و چٹانی زمین پر اگنے والے پودے پہاڑ کی ڈھلوانوں پر نمایاں ہوتے ہیں، جبکہ پرندے اور جنگلی جانور بھی اس کے سائے میں محفوظ رہائش پاتے ہیں۔
الوجہ کمشنری کے رہائشی رال پہاڑ کو ایک خاص اہمیت دیتے ہیں، خاص طور پر بارش کے موسم میں، جب پہاڑ کی گزرگاہیں سبزہ زار میں ڈھک جاتی ہیں اور فطرت کے شائقین کے لیے دلکش مناظر پیش کرتی ہیں۔
