اسلام آباد:بحرین کی شاہی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم نے اسلام آباد میں پاک بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے اہم ملاقات کی۔ یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط، دیرینہ اور دوستانہ دفاعی تعلقات کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر بحرینی نیوی کمانڈر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان بحریہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جس سے دونوں بحری افواج کے درمیان احترام اور بھائی چارے کے جذبات نمایاں ہوئے۔
بعد ازاں ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی بحری سلامتی، سمندری تحفظ، اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں بڑھتے ہوئے بحری چیلنجز کے پیش نظر پاکستان اور بحرین کی بحری افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر مشترکہ تربیت، معلومات کے تبادلے اور بحری پیشہ ورانہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر کا یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور محفوظ سمندری راستوں کے فروغ کے لیے پاکستان اور بحرین کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ یہ ملاقات مستقبل میں دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔
