سوئٹزرلینڈ کے معروف لگژری اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں واقع ایک بار میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 40 تک جا پہنچی ہے، جبکہ آگ لگنے کے باعث تقریباً 100 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوئس پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک بج کر 30 منٹ پر کرانس مونٹانا کے ایک مشہور لگژری اسکی ریزورٹ میں واقع بار میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے فوراً بعد بار میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کے وقت بار میں نیو ایئر نائٹ منانے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
ابتدائی طور پر سوئس پولیس حکام نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد اور دھماکے کی وجوہات سے متعلق کوئی حتمی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم بعد ازاں اطالوی وزارت خارجہ نے سوئس پولیس کے حوالے سے تصدیق کی کہ اس المناک واقعے میں تقریباً 40 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
سوئس پولیس کمشنر کے مطابق، بار میں آگ لگنے کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے اکثریت کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ ہے۔
سوئس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں، تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے کو دہشت گردی یا کسی حملے سے جوڑ کر نہیں دیکھا جا رہا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور سرچ آپریشن مکمل کیا۔
واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ اور خوف کی فضا قائم ہے، جبکہ سوئس حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔
