برطانیہ کی ملکہ کمیلا نے انکشاف کیا ہے کہ کم عمری میں انہیں ایک اجنبی شخص کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، یہ واقعہ طویل عرصے تک ان کے لیے ذہنی صدمے کا باعث بنا رہا۔
ملکہ کمیلا نے یہ بات بی بی سی ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران بتائی، جس میں انہوں نے اپنی نوجوانی میں پیش آنے والے ایک تلخ اور تکلیف دہ واقعے کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک روز وہ ٹرین میں سفر کے دوران کتاب پڑھ رہی تھیں کہ اسی دوران ٹرین میں موجود ایک اجنبی شخص نے اچانک ان پر حملہ کر دیا اور انہیں ہراساں کرنا شروع کر دیا۔
ملکہ کمیلا کے مطابق، اُس نازک لمحے میں انہوں نے اپنی والدہ کی دی ہوئی نصیحت کو یاد رکھا اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً اپنا جوتا اتار کر اس شخص پر دے مارا۔ مزاحمت کے بعد وہ خود کو بچانے میں کامیاب ہو گئیں اور فوری طور پر ٹرین سے اتر گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اُس وقت ان کی عمر 16 یا 17 سال تھی اور یہ واقعہ کئی برسوں تک ان کے لیے شدید ذہنی اذیت اور صدمے کا سبب بنا رہا۔
ملکہ کمیلا کا کہنا تھا کہ جب بھی گھریلو تشدد یا ہراسانی کے موضوع پر بات ہوتی ہے تو یہ واقعہ ان کے ذہن میں تازہ ہو جاتا ہے، جو آج بھی انہیں گہرے دکھ اور پریشانی میں مبتلا کر دیتا ہے
