سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو نے ہائی پرفارمنس اور اسپورٹس گاڑیوں کے صارفین کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیا پیٹرول 98 متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جو جنوری 2026 سے مرحلہ وار سعودی مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔
آرامکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں پیٹرول 98 ریاض، جدہ اور دمام کے منتخب پیٹرول پمپس پر فراہم کیا جائے گا، جبکہ ان بڑے شہروں کو آپس میں ملانے والی اہم شاہراہوں پر واقع فیول اسٹیشنز بھی اس فہرست میں شامل ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد ہائی پرفارمنس اور اسپورٹس گاڑیوں کے مالکان کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرول 98 خاص طور پر جدید اسپورٹس کارز اور ہائی پرفارمنس انجنوں کے لیے تیار کیا گیا ہے، کیونکہ ایسی گاڑیاں زیادہ تر بڑے شہری مراکز میں استعمال ہوتی ہیں، اسی لیے پہلے مرحلے میں شہری علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے۔
آرامکو کے مطابق پیٹرول 98 جدید انجن ٹیکنالوجی کی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور یہ نہ صرف گاڑی کی مجموعی کارکردگی بہتر بناتا ہے بلکہ انجن کے تحفظ اور بہتر فیول ایفیشنسی میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صارفین کی طلب اور مارکیٹ کے رجحانات کا جائزہ لینے کے بعد پیٹرول 98 کی دستیابی کو دیگر شہروں اور علاقوں تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق پیٹرول 98 کی قیمتیں آرامکو کی سرکاری ویب سائٹ پر ریٹیل فیول سیلز سیکشن میں جاری کی جائیں گی، جبکہ دیگر ایندھن کی طرح اس کی قیمتوں کا بھی وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا رہے گا تاکہ عالمی مارکیٹ کے حالات کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرول 98 کے اجرا سے سعودی عرب میں اسپورٹس اور لگژری گاڑیوں کے صارفین کو ایک نیا، معیاری اور عالمی معیار کا فیول آپشن میسر آئے گا، جبکہ یہ اقدام ملک میں جدید آٹوموٹیو ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
