حکومتِ جاپان نے پاکستانی اساتذہ کے لیے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کر دیا ہے، جو اسکول ایجوکیشن میں تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے خواہشمند اساتذہ کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔
اس اسکالرشپ کے تحت منتخب اساتذہ جاپان کی یونیورسٹیوں میں نان ڈگری ٹیچرز ٹریننگ اور ریسرچ پروگرام میں حصہ لیں گے، جو مکمل طور پر عملی تربیت اور تدریسی مہارت بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اور کامیاب شرکا کو سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا۔
یہ اسکالرشپ جاپان کی وزارتِ تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی (MEXT) کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، اور پروگرام کا آغاز عموماً اکتوبر میں ہوتا ہے، جس سے پہلے جاپانی زبان کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ شرکا زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں۔
اس اسکالرشپ کے لیے اہلیت کے معیار میں یہ ضروری ہے کہ درخواست گزار کی تاریخ پیدائش 2 اپریل 1991 یا اس کے بعد ہو، ان کے پاس کم از کم یونیورسٹی ڈگری یا ٹیچر ٹریننگ کی اہلیت ہو، اور یکم اکتوبر 2026 تک پرائمری یا سیکنڈری سطح پر، یا کسی ٹیچر ٹریننگ ادارے میں کم از کم پانچ سال تدریسی تجربہ موجود ہو۔
یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اسکالرشپ کے لیے اہل نہیں ہوں گے، اور امیدوار میں یہ صلاحیت بھی ہونی چاہیے کہ وہ تقریباً 18 ماہ تک غیر ملکی ثقافتی ماحول میں تعلیم اور تحقیق کر سکیں۔ ساتھ ہی جاپانی زبان سیکھنے کی آمادگی بھی لازمی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 فروری 2026 ہے، اور مزید تفصیلات کے ساتھ درخواست دینے کا طریقہ کار پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
ماہرین تعلیم کے مطابق یہ اسکالرشپ پاکستانی اساتذہ کے لیے بین الاقوامی سطح پر تربیت، تحقیقی مہارت اور عملی تجربے کا ایک نادر موقع ہے، جو نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ملکی تعلیمی معیار کو بھی بلند کرے گا۔
