العلا: سعودی عرب کے وزیرِ ثقافت اور العلا رائل اتھارٹی کے کمشنر شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جو مملکت کے اہم سیاحتی اور ثقافتی مرکز العلا کو عالمی سطح پر مزید مضبوط مقام دلانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس افتتاحی تقریب میں جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے چیئرمین عبدالعزیز الدعیلج، العلا رائل اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداران بھی موجود تھے۔
اخبار 24 کے مطابق العلا رائل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے میں تین بنیادی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جن کا مقصد مسافروں کو بہتر، آرام دہ اور جدید سہولتیں فراہم کرنا اور ایوی ایشن کے شعبے میں عالمی معیار کا تجربہ پیش کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایئرپورٹ کے مجموعی رقبے میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جو 3800 مربع میٹر سے بڑھ کر 5450 مربع میٹر تک پہنچ چکا ہے، یوں ایئرپورٹ کا رقبہ 44 فیصد تک وسیع ہو گیا ہے۔
توسیعی منصوبے کے نتیجے میں العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سالانہ مسافر گنجائش میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو 75 فیصد اضافے کے ساتھ چار لاکھ سے بڑھ کر سات لاکھ مسافروں تک پہنچ جائے گی۔ اس پیش رفت سے نہ صرف اندرونِ ملک بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی العلا تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
ایئرپورٹ پر جدید سمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت ای گیٹس نصب کیے گئے ہیں، جبکہ آرائیول لاؤنج میں امیگریشن سہولتوں کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ پاسپورٹ کنٹرول پلیٹ فارمز کی تعداد چار سے بڑھا کر 12 کر دی گئی ہے، جس سے مسافروں کی آمد و رفت میں تیزی اور سہولت پیدا ہوگی۔
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق ایئرپورٹ کے اس توسیعی منصوبے سے العلا میں سیاحتی اور لاجسٹک خدمات کو فروغ ملے گا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کے سیاحت، ثقافت اور معاشی تنوع کے اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
