اسلام آباد / تہران :خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور ایران میں جاری سیاسی بے چینی کے تناظر میں پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح سفارتی رابطہ سامنے آیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہفتے کے روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گفتگو کے دوران ایران اور وسیع تر خطے میں موجودہ حالات پر غور کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے امید کا اظہار کیا، جبکہ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ سفارتی رابطہ ایک ایسے نازک وقت میں ہوا ہے جب ایران دسمبر کے اواخر سے ملک گیر حکومت مخالف احتجاج کی لپیٹ میں ہے۔ ان مظاہروں کی ابتدا معاشی بدحالی اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی تاریخی گراوٹ سے ہوئی، تاہم بعد ازاں احتجاجی مطالبات میں شدت آتی گئی اور بعض حلقوں کی جانب سے نظام کی تبدیلی کے نعرے بھی سامنے آئے۔
ایرانی حکام نے مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لیے گرفتاریوں، طاقت کے استعمال، انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کی بندش جیسے اقدامات کیے۔ انسانی حقوق کے اداروں کا دعویٰ ہے کہ ان اقدامات کا مقصد احتجاجی سرگرمیوں کی کوریج کو محدود کرنا تھا، جبکہ مختلف رپورٹس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران دو ہزار سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں۔
ایران میں بڑھتی کشیدگی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے بھی احتیاطی اقدامات کیے۔ چونکہ پاکستان اور ایران کے درمیان 909 کلومیٹر طویل سرحد مشترک ہے، اس لیے ایران سے متصل پاکستانی اضلاع میں سکیورٹی سخت اور نگرانی میں اضافہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان نے اپنے شہریوں کو ایران کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر بھی صورتحال سنگین رخ اختیار کر گئی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک موقع پر دھمکی دی تھی کہ اگر ایران نے مظاہرین کو پھانسیاں دیں تو تہران کے خلاف فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ ایرانی حکام نے بھی ہر ممکن صورتحال کے لیے تیاری کا عندیہ دیا تھا۔
تاہم بعد ازاں دونوں جانب سے بیانات میں نرمی دیکھنے میں آئی اور امریکہ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے پیچھے ہٹنے کا اعلان کیا۔ گزشتہ روز ایک غیر معمولی پیش رفت میں صدر ٹرمپ نے ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے ان پھانسیوں پر عمل درآمد نہیں کیا جو ان کے بقول سینکڑوں سیاسی قیدیوں کو دی جانی تھیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ سفارتی رابطہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اسلام آباد خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے لیے فعال سفارتکاری کو ترجیح دے رہا ہے۔
