پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب لیبین عرب مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معزز مہمان کے ہمراہ ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیبین عرب مسلح افواج لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر بھی موجود تھے۔ جی ایچ کیو آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لیبین وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پیشہ ورانہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے، عسکری روابط میں تسلسل برقرار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سے قبل نور خان ائیر بیس پہنچنے پر فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر کا باضابطہ استقبال کیا گیا۔ دورے کے دوران لیبین فوجی سربراہ نے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ دورہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی روابط اور مستقبل میں تعاون کے امکانات کا اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
