ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ملک میں حالیہ بدامنی اور فسادات کو امریکا اور اسرائیل کی منظم سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم کی بیداری، اتحاد اور مزاحمت نے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ محض سیاسی الزام تراشی نہیں بلکہ بیرونی مداخلت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ حالیہ فسادات دراصل ایران کے خلاف ایک منظم بغاوت کی کوشش تھی، جس کی منصوبہ بندی ملک سے باہر کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ خود امریکی صدر کے بیانات اس بات کا ثبوت ہیں، جن میں انہوں نے مبینہ طور پر فسادی عناصر کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ "آگے بڑھتے رہو، میں مدد کے لیے آ رہا ہوں”۔ سپریم لیڈر کے مطابق یہ بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بیرونی طاقتیں ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور اسرائیلی خفیہ ادارے موساد نے ملک میں بدامنی پھیلانے، عوام کو مشتعل کرنے اور ریاستی ڈھانچے کو کمزور کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کیے، تاہم ایرانی سیکیورٹی اداروں اور عوامی اتحاد کے باعث انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن کی کوشش تھی کہ عوامی احتجاج کو پرتشدد رخ دیا جائے تاکہ ایران کو اندرونی طور پر غیر مستحکم کیا جا سکے۔
سپریم لیڈر نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ ملک کے بعض تاجروں اور دکانداروں کے معاشی مطالبات جائز تھے، تاہم ان پُرامن آوازوں کو فسادی عناصر نے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی تاجروں کو اصل صورتِ حال کا ادراک ہوا، انہوں نے خود کو شرپسند عناصر سے الگ کر لیا، جو ایرانی عوام کی سیاسی شعور اور ذمہ داری کا مظہر ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا کہ ایران چونکہ عالمی "جارح طاقتوں” کے مفادات کے راستے میں کھڑا ہے، اس لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ حالیہ فسادات آخری سازش تھے۔ ان کے مطابق دشمن اس وقت تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا جب تک وہ مکمل طور پر مایوس نہ ہو جائے، تاہم ایرانی قوم اپنے اتحاد، ایمان اور قومی خودمختاری کے عزم کے ساتھ ہر سازش کو ناکام بناتی رہے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حالیہ واقعات نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ایرانی قوم بیرونی دباؤ اور اندرونی انتشار کے باوجود اپنے نظام اور ملک کے دفاع کے لیے متحد ہے، اور دشمن کسی بھی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
