تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی حقیقی قومی طاقت کا انحصار میزائلوں اور طیاروں سے زیادہ قوم کی قوتِ ارادی اور استقامت پر ہوتا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ٹیلی وژن خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن طاقتیں اس وقت تک ایرانی قوم کو دباؤ اور ہراسانی کا نشانہ بناتی رہیں گی جب تک وہ مایوس نہ ہو جائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کے خلاف مختلف محاذوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، لیکن اصل طاقت عوام کی ثابت قدمی میں پوشیدہ ہے۔
سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ دفاعی صلاحیتیں اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم کسی بھی قوم کی بقا اور عزت کا دارومدار اس کے عوام کے حوصلے، اتحاد اور مزاحمت پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم اپنے موقف پر ڈٹی رہے تو کوئی بھی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ 11 فروری کو انقلابِ اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر بھرپور شرکت کے ساتھ عظیم الشان ریلیاں نکالیں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ایرانی قوم متحد اور ثابت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کا واضح پیغام ہوگی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سپریم لیڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی اور بین الاقوامی دباؤ کے تناظر میں ایران اپنے داخلی اتحاد اور عوامی حمایت کو نمایاں کرنا چاہتا ہے
