پشاور: بین الاقوامی سفر کے لیے گردن توڑ بخار (میننجائٹس) کی ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ہے اور ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق بین الاقوامی صحت ضوابط (IHR-2005) کے تحت مخصوص ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے میننجائٹس ویکسینیشن لازمی ہوگی۔ ضلعی صحت افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اضلاع میں ویکسینیشن کی سہولیات یقینی بنائیں اور مسافروں کو باقاعدہ دستی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جاری کریں۔
حکام کے مطابق جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹ میں ویکسین بنانے والی کمپنی کا نام، بیچ نمبر اور ایکسپائری کی تاریخ درج کرنا لازمی ہوگا تاکہ بین الاقوامی سطح پر اس کی تصدیق میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ویکسین کا بندوبست مسافر کی ذاتی ذمہ داری ہوگا، تاہم توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کے تحت نامزد مراکز پر ویکسین دستیاب ہوگی۔
محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عالمی سفری تقاضوں اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کی روک تھام کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ گردن توڑ بخار ایک مہلک متعدی بیماری ہے جو خاص طور پر ہجوم والی جگہوں اور بین الاقوامی اجتماعات کے دوران تیزی سے پھیل سکتی ہے، اسی لیے کئی ممالک داخلے کے لیے اس ویکسینیشن کا ثبوت طلب کرتے ہیں۔
حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل مقررہ مراکز سے ویکسین لگوا کر سرٹیفکیٹ حاصل کریں تاکہ ائیرپورٹ یا امیگریشن پر کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
