جدہ: سعودی عرب اور مصر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت اُس وقت دیکھنے میں آئی جب ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان و وزیراعظم سعودی عرب نے مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی کا جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک اور باوقار استقبال کیا۔
مصری صدر کے خصوصی طیارے کی آمد پر ولی عہد خود ایئرپورٹ پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور گرمجوشی سے خیرمقدمی کلمات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سعودی حکام اور مصری وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صدر السیسی کا یہ دورہ خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی و سلامتی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، مشترکہ سرمایہ کاری منصوبوں، توانائی کے شعبے میں تعاون، دفاعی اشتراک اور علاقائی استحکام جیسے اہم امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
دونوں رہنما مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات، غزہ کی صورتحال، بحیرہ احمر کی سلامتی اور عرب دنیا کو درپیش معاشی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
سعودی عرب اور مصر کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور معاشی بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک عرب و اسلامی دنیا میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اعلیٰ سطحی رابطوں کا یہ تسلسل نہ صرف باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے گا بلکہ خطے میں استحکام اور مشترکہ حکمت عملی کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
اس دورے کو ریاض اور قاہرہ کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی کے نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں بڑے معاشی اور دفاعی معاہدوں کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
