دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچنے والے وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے، جس سے اس دورے کی سفارتی و تزویراتی اہمیت مزید واضح ہو گئی۔
دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیاگیا،اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک–قطر برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ توانائی، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، افرادی قوت، اور تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا، جو آئندہ برسوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔
علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کی گئی ہےملاقات میں مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی تازہ پیش رفت سمیت عالمی سطح پر جاری تنازعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ اختلافات کا حل مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔
اعلامیے کے مطابق اہم علاقائی مسائل پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ مؤقف اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
امیر قطر کا دورۂ پاکستان بھی متوقع ہےملاقات کے دوران امیر قطر نے وزیر اعظم کی دعوت قبول کرتے ہوئے رواں سال پاکستان کا دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اس متوقع دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف گزشتہ روز دو روزہ دورے پر دوحہ پہنچے تھے، جہاں ان کی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی کوششوں کو خطے میں اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
