متحدہ عرب امارات کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ دبئی کے علاقے البرشا میں ہفتہ کی شام پیش آنے والے واقعے میں جاں بحق ہونے والا شخص پاکستانی شہری تھا جو پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور تھا۔
اماراتی حکام کے مطابق حالیہ حملوں اور دفاعی کارروائیوں کے نتیجے میں دبئی میں اب تک چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل دبئی میڈیا آفس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ البرشا کے علاقے میں فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ایشیائی ڈرائیور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
بیان کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے شہر کی طرف آنے والے خطرے کو ناکام بنانے کے لیے کارروائی کی تھی، تاہم اس دوران گرنے والے ملبے نے سڑک پر موجود گاڑی کو نشانہ بنا لیا۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ دبئی مرینا کے علاقے میں واقع امریکی فوجی مقام کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی حالیہ حملوں کے ردعمل میں کی گئی۔
پاسداران انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ تہران ریفائنری پر ہونے والے حملے کے بعد اسرائیل کے شہر حیفا میں واقع آئل ریفائنری کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں سلامتی کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ واقعات نے خلیجی ممالک میں سکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے جبکہ عالمی برادری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دے رہی ہے

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment