ریاض: امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں سمندری تجارت متاثر ہونے لگی ہے، جس کے پیشِ نظر سعودی عرب نے ایک اہم اور اسٹریٹجک اقدام شروع کر دیا ہے جس کے تحت خلیج عرب کی بندرگاہوں سے ہونے والی بحری تجارت کو مملکت کی بحیرۂ احمر کی بندرگاہوں کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزیرِ ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے اس مقصد کے لیے لاجسٹکس کوریڈورز انیشی ایٹو کا باضابطہ آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب میں زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے گورنر سہیل ابانمی، سعودی پورٹس اتھارٹی کے صدر سلیمان المزروع اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
اس منصوبے کے تحت خصوصی آپریشنل کوریڈورز قائم کیے جائیں گے جہاں خلیج میں واقع سعودی عرب کے مشرقی علاقوں اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کی بندرگاہوں سے منتقل ہونے والے کنٹینرز اور تجارتی سامان کو وصول کیا جائے گا۔بعد ازاں یہ سامان جدہ اسلامک پورٹ اور بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع دیگر سعودی بندرگاہوں کے ذریعے دنیا کی مختلف عالمی منڈیوں تک پہنچایا جائے گا۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب عالمی تجارتی راستوں کے ذریعے سامان کی بلاتعطل ترسیل اور سپلائی چین کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق جدہ اسلامک پورٹ اور مغربی ساحل کی دیگر بندرگاہیں پہلے ہی خلیج سے آنے والی ری ڈائریکٹڈ شپمنٹس کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور خلیجی سامان کو علاقائی اور عالمی منڈیوں سے جوڑ رہی ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے والی عالمی بحری تجارت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ایران ماضی میں بھی جنگ کی صورت میں اس اہم آبی گزرگاہ کو بند کرنے کی دھمکی دے چکا ہے۔آبنائے ہرمز کو دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کا سب سے اہم راستہ سمجھا جاتا ہے، جہاں سے عالمی تیل سپلائی کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ گزشتہ ماہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد تہران نے اس راستے سے گزرنے والی جہاز رانی پر پابندیاں سخت کر دی ہیں۔
اس صورتحال کے باعث مال برداری کے نرخوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور عالمی شپنگ کمپنیاں متبادل راستوں کی تلاش میں ہیں۔ ایسے میں سعودی عرب کی بحیرۂ احمر کی بندرگاہیں ایک قابلِ عمل متبادل کے طور پر سامنے آ رہی ہیں، جو خلیجی سامان کو آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب کا یہ اقدام نہ صرف خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دے گا بلکہ عالمی سپلائی چین کو مستحکم رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
