سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف سینٹر) نے غزہ کی پٹی میں بے گھر فیملیز کے لیے سینٹرل کچن کے ذریعے 24 ہزار کھانوں کے پیکٹس تقسیم کیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی SPA کے مطابق یہ اقدام سعودی فنڈ ریزنگ کمپین کا حصہ ہے، جس کا مقصد فلسطینی عوام کو سہولت فراہم کرنا اور کیمپس میں رہنے والی ان فیملیز کی مدد کرنا ہے جو خوراک اور فیول کی شدید کمی کا شکار ہیں۔
کئی افراد رمضان کے مقدس مہینے میں افطار کے لیے انہی کھانوں پر انحصار کرتے ہیں، اور سینٹرل کچن اس خطے میں انسانوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ امداد حاصل کرنے والے شہریوں نے مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وقت پر دی جانے والی یہ سپورٹ عوام کے درمیان شاندار انسانی رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ کوششیں کے ایس ریلیف کے اُن بڑے پروگراموں کی کڑی ہیں جن کا مقصد غزہ کی پٹی میں فوڈ سکیورٹی کو بڑھانا اور بحران کا شکار افراد کی زندگی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف انسانی زندگیوں کو سہارا دیتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر سعودی عرب کی امدادی اور انسانی خدمات کی اہمیت کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔
