پاور ڈویژن صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے نئے اختیاری کثیر نرخ نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد نہ صرف صنعتوں کو سہولت دینا بلکہ بجلی کے نظام پر دباؤ کم کرنا بھی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اس مجوزہ نظام کے تحت صنعتی صارفین کو مختلف اوقات میں بجلی مختلف نرخوں پر استعمال کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مستقل واجبات زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو ایسے اوقات میں بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی جب طلب کم ہو، تاکہ زیادہ دباؤ والے اوقات میں بوجھ کم کیا جا سکے اور مجموعی نظام زیادہ متوازن رہے۔
ترجمان کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف بجلی کے نظام پر دباؤ کم ہوگا بلکہ نسبتاً سستی بجلی دستیاب ہونے سے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور عالمی سطح پر مسابقت میں بہتری آنے کی بھی توقع ہے۔
پاور ڈویژن نے اس مجوزہ نرخ نظام پر متعلقہ فریقین سے مشاورت کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں صنعتی صارفین اور ایوانِ صنعت و تجارت سے رائے لی جائے گی، جبکہ پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس 26 مارچ کو منعقد کی جائے گی۔
حکام کے مطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے یہ اقدامات طویل مدت میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، جبکہ نیا نرخ نظام توانائی کے مؤثر استعمال اور بچت کو بھی فروغ دے گا
