اسلام آباد: جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ اگر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہمیں سعودیہ جانے کی ہدایت کریں تو ہم احتجاج کے بجائے شکریہ ادا کریں گے اور ہر ممکن تعاون کریں گے۔
ڈاکٹر ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے ایران کی جانب سے خلیجی ریاستوں پر حملوں کو سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ ایران کے ردعمل نے خطے میں کشیدگی میں اضافہ کیا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔
صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان نے مزید کہا کہ لاکھوں افراد فلسطین اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے تیار ہیں، مگر جہاد کا اعلان ریاست کرتی ہے۔ اگر ریاست نے ایسا اعلان کیا تو یہ سب پر فرض ہو جائے گا اور کارکنان جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ علما کی تنقیدی تقاریر میں کہا گیا کہ اگر ایران سے محبت ہے تو وہاں جائیں، تاہم ان کا موقف ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونا ہی وقت کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ سعودی عرب نے تحمل مزاجی کا مظاہرہ کیا ہے، اور ایران اگر اپنی جارحیت جاری رکھتا ہے تو پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی اور ملکی و مذہبی ذمہ داری کے تحت خطے میں کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
